جتنی عورتوں سے میں نے شادی کی
حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ نے ایک لڑکی سے منگنی کی اور اس بات کا ذکر حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا. آپ نے ان سے پوچھا:
کیا تم نے اس لڑکی کو دیکھا ہے؟
انھوں نے کہا کہ جی نہیں!
آپ نے فرمایا: تم اسے دیکھ لو، اس سے تم دونوں میں محبت بڑھے گی.
حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ اس لڑکی کے گھر گئے اور اس کے والدین سے اس بات کا ذکر کیا. ماں اور باپ دونوں حیران ہوئے اور لڑکی کو دکھانے میں شرم محسوس کرنے لگے. اس پر حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ اٹھ کر جانے لگے، تب اس لڑکی نے اپنے ماں باپ سے کہا:
"ان صاحب کو میرے پاس لائیں"
لڑکی خود پردے میں ایک طرف کھڑی ہوگئی، حضرت مغیرہ قریب گئے تو لڑکی نے ان سے کہا: اگر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کو اس بات کا حکم دیا ہے کہ مجھے دیکھ لیں تو ضرور دیکھ لیں، ورنہ میری طرف سے بالکل اجازت نہیں.
اس پر حضرت مغیرہ رضی اللہ عنہ نے اسے
دیکھ لیا، پھر اس سے شادی کی. حضرت مغیرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
"جتنی عورتوں سے میں نے شادی کی، ان سب میں مجھے اسی سے زیادہ محبت تھی، اس کی قدر میری نگاہ میں سب سے زیادہ تھی.
(بحوالہ واقعات صحابہ کے)