PDA

View Full Version : امریکہ ہم سے بھی جوہری معاہدہ کرے: پاکستان


-|A|-
06-07-2009, 03:57 PM
امریکہ ہم سے بھی جوہری معاہدہ کرے: پاکستان

http://www.bbc.co.uk/worldservice/assets/images/2009/03/090303141245_gilani_226.jpg
’یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان کی لیڈر شپ ڈرونز حملوں پر بات نہیں کر رہی‘


پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امریکہ کو چاہیے کہ وہ پاکستان کوبالکل ویسی ہی سول جوہری ٹیکنالوجی دے جو اس نے بھارت کو دی ہے تاکہ خطے میں طاقت کا توازن برقرار رہے۔

لاہور میں ایوان قائد اعظم پر ایک تعمیراتی منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ فرانس نے پاکستان کو جو غیر مشروط جوہری ٹیکنالوجی کی پیشکش کی ہے اس پر ہم اس کے مشکور ہیں لیکن امریکہ کو چاہیے کہ وہ ہمیں بھی وہی ٹیکنالوجی دے جس کا اس نے بھارت سےمعاہدہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پر امن جوہری ٹیکنالوجی رکھنا ہر ملک کا حق ہے اور اس ضمن میں وہ ایران کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ ایران کے جاری مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں تاہم ریفرل پالیسی کی حمایت نہیں کرتے۔

پاکستان میں امریکی ڈرونز حملوں کے معاملے پر اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’ہم نے ہمیشہ ڈرونز حملوں کی مخالفت کی ہے اور امریکہ سے کہا ہے کہ ڈرونز حملوں کا رد عمل شدید ہوتا ہے اور اگر ڈرونز حملے ناگزیر ہیں تو ڈرونز کی ٹیکنالوجی اور صلاحیت ہمیں دی جائے تاکہ جب ضرورت ہو تو ہم خود اس کا استعمال کرسکیں‘۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بھی ہال بروک کے ساتھ ملاقات میں ڈرونز حملوں پر بات کی ہے اور یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان کی لیڈر شپ ڈرونز حملوں پر بات نہیں کر رہی۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگرچہ مالاکنڈ میں جاری آپریشن ایک روایتی آپریشن نہیں ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ اسے جلد ختم کیا جائے اور نقل مکانی کرنے والے اپنے گھروں کو جا سکیں۔

انہوں نے دہشت گردی میں بھارت کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری انٹیلجنس ایجنسیاں اس کی تحقیقات کر رہیں ہیں اور اگر اس کے شواہد ملے اور تصدیق ہوئی تو اس مسئلے کو مناسب سطح پر لے جایا جائے گا۔

دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان کے ساتھ مذاکرات نہ کرنے کے بھارتی مؤقف کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ ’یہ ان کی ذاتی رائے ہے جہاں تک ہمارا تعلق ہے ہم دہشت گردی کو ختم کرنے کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں تاہم اس ضمن میں مناسب قانون سازی کی بھی ضرورت ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کو جب بھی دہشت گردی کے سلسلے میں کوئی اہم اور مستند معلومات ملتی ہیں تو ہم صوبوں کو اس کے بارے میں آگاہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں نے بھی اس ضمن میں سیکیورٹی کو بڑھایا ہے۔

بجٹ میں چھوٹے صوبوں کو وسائل کی تقسیم پر کیے گیے سوال پر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ’حکومت نے قومی فنانس کمیشن تشکیل دے دیا ہے اور اس کا جلد اجلاس ہوگا لیکن اس دوران چونکہ وقت کم ہے اس لیے ہماری کوشش ہوگی کہ ضرورت کے مطابق وسائل کی تقسیم کی جائے اور اس پر تمام صوبے مطمئن ہوں‘۔

"K.G"
06-08-2009, 01:01 AM
hain Acha Sahi baaat hai

Copyright ©2008
Powered by vBulletin Copyright ©2000 - 2009, Jelsoft Enterprises Ltd.