PDA

View Full Version : اسامہ امریکی ایجنٹ تھا، امریکا سے پوچھا ج


-|A|-
05-22-2009, 06:40 PM
اسامہ امریکی ایجنٹ تھا، امریکا سے پوچھا جائے وہ کہاں ہے : صدر زرداری

واشنگٹن (مانیٹرنگ سیل) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن امریکی ایجنٹ تھا۔ امریکا 5سال سے افغانستان میں ہے، اس سے پوچھا جائے کہ اسامہ کہاں ہے۔ این بی سی ٹی وی کے پروگرام میٹ دی پریس میں صدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بینظیر نے اسی وقت امریکا کو متنبہ کر دیا تھا اور بش سینئر کو فون کرکے پوچھا تھا کہ کیا وہ ان کی حکومت کو غیرمستحکم کرنا چاہتے ہیں کیونکہ اسامہ نے ان کی حکومت گرانے کیلئے اپوزیشن کو 10ارب ڈالر دیئے تھے۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ اسلامی ملک میں خاتون کی حکمرانی تسلیم نہیں کرسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہمیں تو اسی وقت علم ہوگیا تھا کہ وہ امریکی ایجنٹ ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ پاکستان اسامہ کی تلاش میں ہے تو انہوں نے کہا کہ ساری دنیا اس کی تلاش میں ہے اور ہم بھی اسامہ کو تلاش کرنے والی بریگیڈ کا حصہ ہیں۔ صدر زرداری نے کہا تم (امریکا) نے تو اسامہ کو تورا بورا کی پہاڑیوں میں مار دیا تھا میں تو اس وقت جیل میں تھا، مجھے کیا پتہ کہ وہ کہاں ہے۔ مجھے تو یقین ہے کہ وہ مر چکا ہے۔ امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہوں سے پوچھا تو انہوں نے کہا سات سال ہوگئے اسامہ کے بارے میں کچھ نہیں سنا۔ برطانیہ اور فرانس کے وزراء خارجہ نے صدر زرداری سے الگ الگ ملاقاتیں کرکے انہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ فرانسیسی وزیر خارجہ برنارڈ کوچنر نے خصوصا صدر زرداری کے حوصلے اور جرأت مندانہ اقدامات کوسراہا۔ صدر زرداری نے فرانسیسی وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی منتخب جمہوری حکومت عوام کی طاقت سے انتہاپسندوں کو کچلنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ صدر نے توقع ظاہر کی کہ عالمی برادری دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف پاکستان کی مدد جاری رکھے گی۔ ملاقات میں صدر نے اپنے آئندہ دورہٴ فرانس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن کی جانب سے ایک بارپھر صدرزرداری کو ان کی جاری پالیسیوں کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ برطانیہ اور فرانس کے سفیر بھی ملاقاتوں میں موجودتھے جبکہ صدرزرداری کی معاونت اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر عبداللہ حسین ہارون نائب مندوب فرخ عامل صدرکے پرنسپل سیکرٹری سلمان فاروقی نے کی۔ صدر آصف زرداری کے ساتھ دونوں وزراء خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ خطے کی صورتحال بالخصوص قبائلی علاقوں و سوات کی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں ملکوں کے وزراء خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور پاکستان کے معاشی استحکام میں بھی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ صدر آصف زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے بھی ملاقات کی۔ صدر آصف علی زرداری امریکا کے سرکاری دورے سے وطن واپسی پر لندن جائیں گے جہاں لندن میں قیام کے دوران وہ آ ج برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن سے ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ معاملات اور مختلف ایشوز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری برطانوی وزیراعظم کو واشنگٹن میں امریکی صدر بارک اوباما اور افغان ہم منصب حامد کرزئی سے خطہ کی صورتحال کے بارے میں سہ فریقی ملاقات کے بارے میں آگاہ کریں گے

Copyright ©2008
Powered by vBulletin Copyright ©2000 - 2009, Jelsoft Enterprises Ltd.