PDA

View Full Version : وانا جھڑپیں، تین جنگجو ہلاک


-|A|-
04-14-2009, 01:09 AM
وانا جھڑپیں، تین جنگجو ہلاک

http://www.bbc.co.uk/worldservice/assets/images/2009/04/090413095046_wana_soldier_283.jpg
پاکستان کے قبائلی علاقوں میں شدت پسند بڑی تعداد میں پاکستانی فوجیوں کو ہلاک کر چکے ہیں

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور مقامی طالبان کے درمیان شدید جھڑپوں میں ملا نذیر گروپ کے تین مقامی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

اس کے علاوہ ایف آر جنڈولہ میں دو لاشیں ملی ہیں جنہیں فائرنگ کرکے ہلاک کیاگیا ہے۔

مقامی پولیٹکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا کے دو مختلف علاقوں میں ملا نذیر گروپ کے مقامی طالبان نے سکیورٹی فورسز کے ٹھکانوں پر راکٹوں اور خودکار ہتھیاروں سے حملے کیے ہیں جس کے نتیجہ میں درگئی کے مقام پر ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔

حکام کےمطابق اس کے بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی جس میں ملا نذیر گروپ کے تین جنگجو ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں تاج محمد اور خان والی کے نام بتائے جاتے ہیں۔ پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں مارٹر اور توپخانے کا بھی استعمال کیا اور وانا کے پہاڑی سلسلوں میں موجود طالبان کے کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس سے دو ٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں۔

اس کے علاوہ ایف آر جنڈولہ کے علاقے خرگی میں کڑی حیدر سے تعلق رکھنے والے دو افراد کی لاشیں ملی ہے جنہیں فائرنگ کرکے ہلاک کیاگیا ہے۔

مقامی پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ لاشیں سڑک کے کنارے سے ملی ہیں جنہیں کئی گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں کا تعلق بیت اللہ گروپ کے ایک مقامی کمانڈر عصمت اللہ شاہین کے گروپ سے معلوم ہوتا ہے۔ لیکن تاحال طالبان کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

دوسری طرف بیت اللہ گروپ کے ایک مخالف دھڑے کے سربراہ ترکستان نے بی بی سی کو بتایا کہ اس واقعہ میں ان کے دھڑے کے لوگ ملوث نہیں ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ یہ کام بیت اللہ کے گروپ کے لوگوں نے کیا ہے۔ ترکستان کے مطابق کچھ عرصے سے بیت اللہ اور شاہین کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ شاہین اور مولوی اول خان بیٹنی بیت اللہ گروپ سے الگ ہوگئے ہیں۔

تحریک طالبان پاکستان بیت اللہ گروپ کے ساتھیوں نے رابطہ کرنے پر بی بی سی کو بتایا کہ بیت اللہ اور شاہین کے درمیان کسی قسم کی اختلافات موجود نہیں ہیں اور شاہین ان دنوں بیت اللہ کے ساتھ اکٹھے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے شاہین کے دونوں ساتھیوں کو گزشتہ روز ٹانک کے قریب عمر اڈہ سے ترکستان کے ساتھیوں نے اغواء کیا تھا۔

Copyright ©2008
Powered by vBulletin Copyright ©2000 - 2009, Jelsoft Enterprises Ltd.